نئی دہلی، 19؍فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )جنوبی کوریا نے ملک کے سب سے بھیڑبھاڑ والے ریلوے اسٹیشنوں میں سے ایک نئی دہلی ریلوے اسٹیشن کی تصویر بدل کر اسے عالمی معیارکا بنانے کے لیے اپنا ہاتھ آگے بڑھایا ہے۔ریلوے کے اس اہم منصوبے کے تحت اسٹیشن کو 10 ہزار کروڑ روپے کی متوقع لاگت کے ساتھ چمکایا جائے گا۔مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کرائی جائے گی اور ان کے لیے شاپنگ کی سہولت بھی ہوگی۔قابل ذکرہے کہ نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر ایک دن میں پانچ لاکھ سے زیادہ مسافر ین آتے جاتے ہیں، اسٹیشن پر ایک دن میں 361ٹرینیں آتی ہیں۔منصوبے کے تحت اسٹیشن کی تین منزلہ عمارت میں روانگی اور آمد کے الگ الگ سیکشن ہوں گے، اسٹیشن کے اجمیری گیٹ کی جانب کاروباری مقاصد کے لیے تین فلک بوس عمارت ہوں گی۔وزارت ریل کے ایک سینئر افسر نے کہا کہ جنوبی کوریا نے نئی دہلی اسٹیشن کے احیاء نو کے لیے اپنی دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ریلوے نے اسٹیشن میں اور اس کے ارد گرد خالی پڑی زمین کے پیشہ ورانہ استعمال سے منافع کمانے کے امکانات کو تلاش کیا اور جنوبی کوریا ریلوے کو ممکنہ خاکہ کے ساتھ وسیع منصوبہ سونپ دیا ہے ۔منصوبے کے تحت اسٹیشن پر ڈیجیٹل اشارات ، آٹومیٹک سیڑھیوں اور لفٹ، آٹومیٹک سیلف ٹکٹ کاؤنٹر، ایگزیکٹیو لاؤنج اور مسافروں کے لیے کئی دیگر سہولیات بھی ہوں گی۔ریلوے کے وزیر سریش پربھو نے نجی کمپنیوں کی مدد سے 400اسٹیشنوں کے احیاء نو کے ذریعے ریونیو جمع کرنے پر زور دیا ہے اور نئی دہلی ریلوے اسٹیشن کی تصویر کو تبدیل کرنا اسی کا حصہ ہے۔ریلوے نے حال ہی میں 23جنکشن کے لیے اسٹیشن ری ڈیولپمنٹ منصوبے کے پہلے مرحلے کا آغاز کیاہے ۔